اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) نادرا پاکستانی شہریوں کو مزید آسانیاں فراہم کرنے کے لیے نئی سہولتیں متعارف کرا رہا ہے، جن کے تحت اب شہری اپنے شناختی ریکارڈ میں تبدیلی گھر بیٹھے کرا سکتے ہیں۔نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ اور دیگر شناختی دستاویزات جاری کرنے کا واحد بااختیار ادارہ ہے۔ ادارے کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے متعدد ڈیجیٹل خدمات شروع کی گئی ہیں۔
ان سہولتوں میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ خاص طور پر نمایاں ہے، جس کے ذریعے صارفین نادرا سے متعلق کئی خدمات بغیر دفتر گئے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے نہ صرف نئے شناختی کارڈ کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے بلکہ موجودہ ریکارڈ میں ترمیم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔اگر کوئی شہری اپنے قومی شناختی کارڈ یا نائیکوپ میں درج نان پرنٹ ایبل معلومات میں تبدیلی کروانا چاہتا ہے تو وہ اب نادرا کے دفتر جانے کے بجائے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یہ عمل مکمل کر سکتا ہے۔متعلقہ طریقہ کار کے مطابق درخواست گزار ویڈیو میں دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کم فیس میں اور کم وقت کے اندر گھر بیٹھے اپنے نادرا ریکارڈ میں مطلوبہ تبدیلی کرا سکتا ہے، جس سے شہریوں کو وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ممکن ہو گئی ہے۔















































