نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں امریکی سفارتخانے نے امریکا میں زیر تعلیم بھارتی طلبہ کو خبردار کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا کہ امریکی قوانین کی خلاف ورزی آپ کے اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
امریکی سفارتخانے نے ملک میں زیر تعلیم طلبہ سے متعلق بیان میں کہا کہ اگر گرفتار کیا گیا یا آپ کسی بھی قانون کی خلاف ورزی کی تو آپ کا ویزا منسوخ ہو سکتا ہے۔سفارتخانے نے کہا کہ آپ کو ملک بدر کیا جا سکتا ہے اور مستقبل میں امریکی ویزا کے لیے نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے، لہٰذا قوانین کی پابندی کریں اور اپنے سفر اور تعلیمی مواقع کو خطرے میں نہ ڈالیں۔بھارت میں موجود امریکی سفارتخانے نے کہا کہ امریکی ویزا استحقاق ہے، حق نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی سفارتخانے کی جانب سے یہ وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب گزشتہ برس جون میں نیو یارک ایئرپورٹ پر ایک بھارتی طالب علم کی ہتھکڑی لگی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ شخص بغیر درست ویزا کے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوا تھا، جس کے بعد اسے ملک بدر کر دیا گیا۔















































