کراچی(این این آئی) فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل خریدنے پر لیوی(ٹیکس)کی مد میں ادائیگی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔وفاقی حکومت نے اگلے 15 دن یعنی 15 جنوری 2026 تک کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 10.28 روپے کمی کی گئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 253.17 ہوگئی جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 8.57 روپے کی کمی کے بعد 257.08 روپے ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں 79.62 روپے فی لیٹر اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی (ماحولیاتی تحفظ کا ٹیکس)کی مد میں 2.50 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔اسی طرح، ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 75.41 روپے فی لیٹر اور آئل مارکیٹنگ مارجن 7.87 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔پیٹرول پر ان لینڈ فریٹ مارجن میں 81 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جو اب 8.97 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ مارجن 7.87 روپے اور ڈیلر کا مارجن 8.64 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔ پیٹرول پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی 2.50 روپے فی لیٹر کے حساب سے وصول کی جا رہی ہے۔















































