اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں مسابقتی نظام کو مضبوط بنانے کے نتیجے میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اس فیصلے سے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں تقریباً 40 فیصد تک کمی آئی ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو مجموعی طور پر ڈیڑھ سو ارب روپے تک کی بچت متوقع ہے۔
اویس لغاری نے بتایا کہ تھری فیز اسمارٹ میٹر کی قیمت جو پہلے 45 ہزار روپے تک تھی، اب کم ہو کر تقریباً 25 ہزار روپے رہ گئی ہے۔ اسی طرح سنگل فیز میٹر کی قیمت میں بھی سات ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ضوابط میں مثبت اصلاحات متعارف کرائیں، جس کے بعد بین الاقوامی کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور میٹرز کی فراہمی میں درپیش رکاوٹیں دور ہو گئیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمارٹ میٹرز کی کم قیمت کا براہِ راست فائدہ صارفین کو ہوگا، کیونکہ انہیں ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں کم رقم ادا کرنا پڑے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسمارٹ میٹرز کے ذریعے غلط میٹر ریڈنگ اور بجلی چوری کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی، جبکہ صارفین کو پیشگی ادائیگی (پری پیڈ) کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔















































