اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے اور اسی سلسلے میں شہری سفر کے لیے ایک اور ماحول دوست الیکٹرک اسکوٹر پیش کردیا گیا ہے۔ یہ ماڈل خصوصاً دفاتر اور اسکول جانے والی مڈل کلاس کے لیے کم خرچ اور مناسب انتخاب قرار دیا جارہا ہے، جبکہ اس کی 70 کلومیٹر کی رینج اسے روزمرہ کے قریب فاصلوں کے سفر کے لیے بہترین بناتی ہے۔ایون موٹرز نے نئے الیکٹرک اسکوٹر کو جَوائے 1000 واٹ کے نام سے لانچ کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس میں گرافین بیٹری لگائی گئی ہے جو عام لیتھیم آئن بیٹریوں کے مقابلے میں زیادہ پائیداری اور ممکنہ طور پر تیز چارجنگ کی خصوصیات رکھتی ہے۔قیمت کے حوالے سے جَوائے 1000 واٹ کی 239,000 روپے ایکس فیکٹری قیمت رکھی گئی ہے۔
اگرچہ کچھ پیٹرول اسکوٹروں کی نسبت یہ قیمت زائد محسوس ہوتی ہے، مگر ایندھن کی مہنگائی کے پیش نظر شہری صارفین کے لیے یہ نسبتاً فائدہ مند متبادل ہے۔ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی طلب حالیہ برسوں میں نمایاں اضافہ دکھا رہی ہے۔ ماحولیاتی مسائل کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر مستحکم قیمتوں نے بھی لوگوں کو الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی طرف مائل کیا ہے۔ایون موٹرز کا یہ نیا ماڈل ایسے وقت میں مارکیٹ کا حصہ بن رہا ہے جب شہری صارفین اخراجات میں کمی اور ماحول کے تحفظ کے لیے نئی سفری ٹیکنالوجی کی تلاش میں ہیں۔ جَوائے 1000 واٹ انہیں روایتی ایندھن سے دور ایک مزید بہتر اور پائیدار آپشن فراہم کرتا ہے۔















































