اسلام آباد (این این آئی)حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 61.8 ملین ڈالر کے تین اہم منصوبوں پر دستخط کئے گئے۔وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ام کراچی۔روہڑی سیکشن آف مین لائنـون کیلئے پروجیکٹ ریڈینس فنانسنگ (MLـI PRF) جس کی مالیت 10 ملین ڈالر ہے، کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ کیلئے 3.8 ملین ڈالر کی فنانسنگ اور بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کے لئے 48 ملین ڈالر کی اضافی فنانسنگ شامل ہے، یہ منصوبے ملک میں بنیادی سہولیات کے شعبوں، جیسے کہ رابطہ کاری، شہری ٹرانسپورٹ، اور پانی کے وسائل میں ترقی کیلئے اہم اقدامات ہیں۔سیکرٹری وزارتِ اقتصادی امور ڈویژن محمد حمیر کریم نے اے ڈی بی کے قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے کردار اور پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کی تکمیل میں اس کے مستقل تعاون کو سراہا۔
انہوں نے ان اہم منصوبوں کے لئے سے ڈی بی کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان کی طویل مدتی اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، کوئٹہ شہر کی شہری انفراسٹرکچر ضروریات کو پورا کریں گے اور بلوچستان میں زرعی پیداواریت کو بہتر بنائیں گے۔انہوں نے وزارتِ ریلوے اور حکومتِ بلوچستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور منصوبوں کی مؤثر و بروقت تکمیل کیلئے فراہم کردہ فنانسنگ کے بہترین استعمال پر زور دیا۔اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان منصوبوں کے لئے مضبوط عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے بلوچستان سے متعلق دو منصوبوں کی اہمیت اْجاگر کی اور ریلوے امپرومینٹ پروجیکٹ PRF کو ریلوے کی جدیدیت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے وزارتِ اقتصادی امور اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تاکہ اے ڈی بی کی معاونت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ رہے۔















































