لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے گھریلو ملازمین کے لیے نئے قواعد و ضوابط کی منظوری دے دی ،قوانین میں گھریلو ملازمین کے حقوق، فرائض اور کام کے معیار سے متعلق نئی تجاویز شامل کی گئی ہیں تاکہ ان کے تحفظ اور بہتر کام کے ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔گھریلوملازمین کیلئے”فارم اے”پرباقاعدہ لیٹرآف ایمپلائمنٹ لازمی قرار دے دیا گیا،گھریلوملازمین کیلئے صاف، محفوظ اور باعزت کام کی جگہ فراہم کرنا لازم قرار دے دیا گیا،آجرپر پینے کے صاف پانی، آرام کی جگہ اور مناسب کھانے کی فراہمی کی ذمہ داری دے دی گئی،حاملہ گھریلو خواتین کیلئے ہلکے کام اور تحفظ کے خصوصی انتظامات کرنا لازم ہوگا،آجر کسی بھی اضافی کام کیلئے ملازم کی تحریری رضامندی حاصل کرے گا،اوور ٹائم کی حد ہفتے میں 8گھنٹے مقرر، 2گنی اجرت دینا ہوگی۔
گھریلو ملازمین کیلئے سالانہ رخصت کا باقاعدہ ریکارڈ ”فارم بی” میں رکھا جائے گا،زچگی کی چھٹی کے دوران خاتون ملازمہ کو ”فارم ڈی ” کے ذریعے نوٹس دینا ہوگا،گھریلو ملازمین کیلئے42 اسکوائرفٹ کاکمرہ، روشنی، ہوا اور پرائیویسی لازمی قرار دے دیا گیا،آجر کو ملازم کی صحت کا سرٹیفکیٹ ”فارم ای” کے ذریعے حاصل کرنا ہوگا،حادثات یااموات کی صورت میں ”فارم ایف”اور ”فارم جی” کے ذریعے رپورٹ دینالازم قرا دے دیا گیا۔ملازم کے ذاتی سامان کی واپسی نہ ہونے پر تنازعات کمیٹی سے رجوع کیا جاسکے گا،یوسی کی سطح پر تنازعات حل کرنے کیلئے ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی قائم فیصلہ کرے گی،تمام فارم محکمہ لیبر کی ویب سائٹ پر حاصل کیے جاسکیں گے۔















































