اسلام آباد(این این آئی)آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیادہ پنشن لینے والوں پر انکم ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بجٹ 2025-26سے قبل آئی ایم ایف کی جانب سے زیادہ پنشن لینے والوں پر انکم ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے اور بجٹ اہداف کو حتمی شکل دینے کیلئے آئی ایم ایف وفد 14مئی کو پاکستان آئے گا۔
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد کی پاکستان آمد سے پہلے اہم تجاویز پر غور جاری ہے اور بڑے پنشنرز پر ٹیکس لگانے اور چھوٹے ملازمین کو ریلیف دینے کی تیاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ماہانہ 4لاکھ روپے یا زیادہ پنشن پر 2.5فیصد کا انکم ٹیکس عائد ہوسکتا ہے۔ریٹائرڈ سول، ملٹری ملازمین اور ججز سمیت عدلیہ کا شعبہ بھی شامل ہیں۔سالانہ کم از کم انکم ٹیکس چھوٹ میں اضافے کی بھی تجویز ہے جبکہ سالانہ انکم ٹیکس کی چھوٹ 6لاکھ سے بڑھا کر زیادہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں متوسط تنخواہ دار پر انکم ٹیکس کی چھوٹ میں رعایت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔