اسلام آباد(این این آئی)ملک بھر کے بجلی صارفین کو 51 ارب 49 کروڑ روپے فراہم کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی۔ذرائع کے مطابق نیپرا میں درخواست بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جمع کرائی، درخواست رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی۔ذرائع کے مطابق درخواست میں 47 ارب 12 کروڑ روپے کیپیسٹی پیمنٹس میں کمی کی مد میں ریلیف شامل کیا گیا ہے۔
ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات کمی مد میں 2 ارب 4 کروڑ روپے شامل رکھے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق درخواست میں یوز آف سسٹم چارجز اور مارکیٹنگ فیس کے ایک ارب 80 کروڑ روپے شامل ہیں۔نیپرا درخواست پر 29 اپریل کو سماعت کرے گا، اس سے قبل ملک بھر کے صارفین کو دوسری سہ ماہی میں 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا۔دوسری سہ ماہی کے ریلیف کی مد میں فی یونٹ بجلی 1 روپے 90 پیسے سستی کی گئی تھی۔تیسری سہ ماہی کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 72 پیسے فی یونٹ تک سستی ہوسکتی ہے۔