اسلا م آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کے عمل پر عائد فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جب کہ حکومت نے پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑیوں پر بھی منتقلی کی فیس لاگو کر دی ہے۔ یہ نئی شرحیں فوری طور پر نافذالعمل ہو چکی ہیں۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کی فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 2750 روپے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح 1000 سے 1800 سی سی کی گاڑی کے لیے اب 2000 کے بجائے 5500 روپے فیس ادا کرنا ہوں گے۔ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر منتقلی فیس کو 3000 سے بڑھا کر 11000 روپے کر دیا گیا ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کے لیے بھی نئی فیسیں مقرر کر دی گئی ہیں۔ 50 کلو واٹ تک کی الیکٹرک گاڑی کی فیس 2500 روپے، 50 سے 100 کلو واٹ تک کی گاڑی کی فیس 5500 روپے، اور 100 کلو واٹ سے زائد کی گاڑی پر 10000 روپے فیس لاگو ہو گی۔موٹر سائیکلوں کے حوالے سے بھی نئی شرحیں جاری کی گئی ہیں۔ 200 سی سی تک کی بائیک کی فیس اب 150 روپے سے بڑھا کر 550 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ 200 سے 400 سی سی موٹر سائیکل کی فیس 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ 400 سی سی سے اوپر کی بائیک کے لیے اب 1500 روپے فیس ادا کرنا ہو گی۔سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ تمام فیسیں وزارت خزانہ کے منظور شدہ اکاؤنٹ میں جمع کروانا لازم ہو گا۔