اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دے دیا۔ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بجلی کے نرخوں میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ کمی کی گئی، اور اس میں مزید کمی کے امکانات پر بھی کام ہورہا ہے۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، جس کی کوششوں سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں بھی اصلاحات کا عمل جاری ہے تاکہ سمندری معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسیع سمندری حدود اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، جنہیں بروئے کار لا کر قومی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ عالمی اقتصادی ترقی کا بڑا دارومدار سمندری وسائل اور ان تک رسائی پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تجارتی محصولات (ٹیرف) پر نظرِ ثانی کی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے بندرگاہوں پر موجود کنٹینرز کی فوری نیلامی کے احکامات جاری کیے اور ہدایت دی کہ تمام بندرگاہوں پر جدید اسکینر لگانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔