اسلام آباد (نیوز ڈیسک)گوگل پر پاکستانی روپے کی قدر میں غیر متوقع اضافہ، کرنسی ریٹس میں غلطیمعروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے سرچ انجن پر پاکستانی روپے کی قدر میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ سے امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے نرخ غلط ظاہر کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل پر کرنسی ایکسچینج ریٹس میں نمایاں غلطیاں دیکھی گئیں، جہاں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر، یورو، سعودی ریال اور اماراتی درہم سمیت مختلف کرنسیوں کی قدر غیر معمولی طور پر کم دکھائی گئی۔سرچ انجن پر دستیاب ڈیٹا کے مطابق، کینیڈین ڈالر کی قیمت صرف 97.67 پاکستانی روپے ظاہر کی گئی، جبکہ سعودی ریال کی قدر حیران کن طور پر 37.56 روپے تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ، امریکی ڈالر کی قیمت 140.89 روپے اور یورو کی قیمت 145.61 روپے دکھائی گئی، جو کہ حقیقی مارکیٹ ریٹ سے بالکل مختلف تھیں۔یہ غیر متوقع تبدیلی سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنی، جہاں کئی افراد نے ان حیران کن ریٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گوگل کے خودکار نظام میں کسی ممکنہ تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، جس سے عارضی طور پر غلط معلومات ظاہر کی گئیں۔