مکوآنہ (این این آئی ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا نیا تحفہ، چینی کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ہو گیا، ملک میں چینی کا نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سمیت ملک بھر میں چینی کا نیا بحران جنم لینے لگا ہے ، چینی کی ہول سیل اور پرچون کی سطح پر قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ کرشنگ سیزن میں 43 لاکھ ٹن چینی پیدا ہوئی جبکہ رواں سیزن میں3لاکھ ٹن کمی سے 40 لاکھ ٹن پیداوار متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سٹے باز رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمتیں بڑھانے کے لئے متحرک ہیں اور انہوں نے فروری اور مارچ کیلئے قیمتیں طے کر کے پیشگی سودے بھی کر لئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے مداخلت نہ کی تو رمضان المبارک میں چینی کی قیمتیں غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی۔بتایا گیا ہے کہ کرشنگ سیزن کے باوجود چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔گزشتہ ایک ماہ میں چینی کی قیمت میں 18 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور اس وقت چینی کی ایکس مل قیمت 140 سے 143 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ماہ دسمبر میں چینی کی ایکس مل قیمت 125 روپے فی کلو تھی، لیکن اب مافیا نے ماہ فروری کے لئے فیوچر ٹریڈ کی قیمت 145 روپے فی کلو مقرر کر دی ہے۔فیصل آ باد میں چھوٹی دکانوں پر چینی کی قیمتیں 155 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں۔ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مافیا کو کنٹرول نہیں کیا گیا تو رمضان کے دوران چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو رمضان میں قیمتوں کے اضافے سے بچایا جا سکے۔