کراچی (این این آئی)کراچی کیلیے بڑی خوشخبری، بارہ چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین چائنا بیلٹ اینڈ روڈ گروپ مسٹر وین زیائو کی قیادت میں ملنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کو کراچی میں سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
ملاقات میں وزیراعلی سندھ کی معاونت وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اور تواناتی ناصر حسین شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور سیکریٹری وزیراعلی رحیم شیخ نے کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت چین کی سرکاری اور نجی کمپنیوں کے اپنی مرضی کے منصوبوں میں براہ راست سرمایہ کاری یا حکومت سندھ کے ساتھ شراکت کریں، ہم دونوں صورتوں میں خیرمقدم کریں گے۔ چیئرمین بیلٹ اینڈ روڈ نے کہا کہ چین کی بارہ سے زیادہ کمپنیاں کراچی میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
ان میں کچرے سے توانائی بنانا، گندے پانی کی صفائی، کھارے پانی کو میٹھا بنانے کے پلانٹ، الیکٹرک بسوں کی تیاری، پیٹرول بائیکس کو الیکٹرک توانائی پر منتقل کرنے والی کٹس کی تیاری اور شہر کے نکاسی کے نظام کی تعمیر نو کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت چینی کمپنیوں کو پلانٹ لگانے کیلیے تمام ضروری سہولیات مہیا کرے گی۔ وزیراعلی اور چیئرمین بیلٹ اینڈ روڈ گروپ نے اتفاق کیا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور سرمایہ کارری بورڈ کے ساتھ ایک اور اجلاس کریں گے جس میں منصوبوں کے انتخاب اور کام کے آغاز پر بات کی جائے گی۔