کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک روسی کارگو بحری جہاز کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق کرسٹل سینٹ پیٹرزبرگ نامی یہ کارگو جہاز صرف 21دن میں روس سے پاکستان پہنچا ہے۔ جمعرات کے روز کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر لنگرانداز ہونے والے اس روسی جہاز کو وزیر برائے بحری امور سید فیصل سبزواری نے خوش آمدید کہا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین سیدین رضا زیدی اور روس کے قونصل جنرل آندرے وکتوروویخ فیدروف بھی سید فیصل سبزواری کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر سید فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ”آج حکومت پاکستان نے ایک انتہائی اہم کامیابی حاصل کی ہے، جس سے تاجر برادری کو روسی مارکیٹس تک براہ راست رسائی حاصل ہو گئی ہے۔اب ہم پاکستانی اشیاءبراہ راست روس کو برآمد کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان پہنچنے والے اس روسی کارگو بحری جہاز پر 450کنٹینرز لدے تھے۔ اس کارگو جہاز کے پاکستان آنے سے پاکستان او روس کے مابین تجارتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس کے ساتھ سمندر ی راستے سے براہ راست کارگو سروس شروع ہونے سے دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بڑھ کر اڑھائی ارب ڈالر تک ہوجائے گا۔