سمبڑیال(آن لائن)فری بجلی کا ریلیف دینے والی حکومت نے ماہ رواں بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو ’’رگڑا‘‘ دے دیا ،گھریلو 50 سے 100یونٹ استعمال کرنے والوں کو 3ہزار ،100سے 200یونٹ تک 5 سے 7ہزار ،200سے 300یونٹ تک 15ہزار سے زائد بل موصول ،کمرشل بجلی استعمال کرنے والوں کا مکمل ’’کباڑہ‘‘ ہوگیا
، واپڈا کے اپنے اہلکاروں کی طرف سے چوری کروائی جانے والی بجلی کی قیمتی بھی لائن لاسز پورا کرنے کے لیے عوام کا خون نچوڑنے والے بھاری بجلی کے بلوں میں شامل ، بدترین مہنگائی کے ہاتھوں پہلے سے مرے عوام ماہ جون کے موصول ہونے والے بھاری بلوں اورحکومتی ظالمانہ اقدام پر چیخ اٹھے ۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی کی آڑ میں مہنگائی مارچ اورعوام کو سڑکوں پر لا کر عمران خان کی تبدیلی حکومت کو گھر بھیجنے والی برسراقتدار اورغریب صارفین کو 100یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کرنے والی حکومت نے ماہ جون کے ماہ رواں بھجوائے جانے والے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی اصل قیمت سے بھی زائد فیول ایڈجسٹمنٹ ڈال کر عوام پر بجلی گرادی ہے اورگھریلو عام صارف جو 50 سے 100یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں ان کو 3ہزار تک ،100سے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے کو 6ہزار سے زائد اور200یونٹ سے 300 یونٹ تک معمول میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو15ہزارروپے تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ فیول پرائس پر مشتمل بلوں کی موصولی پر بلبلا اٹھے ہیں ،صارفین کا کہنا ہے کہ یک نہ شد دو شد ایک تواربوں روپے اکٹھے کرنے کے لیے
حکومت نے واپڈا کے ہاتھوں مہنگائی سے زندہ درگور عوام کو قربانی کا بکرا بنایا ہے اوپر سے واپڈا اہلکاروں کی طرف سے چوری کروائی جانے والی بجلی کی قیمت بھی لائن لاسز پورے کرنے کے لیے بھاری بلوں میں ڈال دی گئی ہے جو حکومت کا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے ،
بھاری بجلی بلوں کی موصولی پر سراپا احتجا ج صارفین کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں مہنگائی کی ستائی عوام کو موجودہ حکومت سے ریلیف کی جو امیدیں تھیں وہ دم توڑ تی جارہی ہیں اوراگر یہی صورتحال رہی تو موجودہ حکومتی پارٹی کو حالیہ ضمنی الیکشن کی طرح جنرل الیکشن میں بھی عوام کے غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑے گا