اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان آج پیٹرول کی قیمت میں11 روپے95 پیسے فی لیٹر اضافے کے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ڈیزل بھی 9روپے57 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطباق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی
سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی گئی ہے جس کے سربراہ وزیراعظم عمران خان ہیں۔تیل کی قیمتوں میں اضافے کے متعلق حتمی فیصلہ عمران خان آج کریں گے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق کل16 جنوری2021 سے ہوگا۔خیال رہے کہ31دسمبر2020 کو بھی پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے مقرر کردی گئی تھی۔اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 37 پیسے اضافہ کی سمری بجھوائی تھی تاہم پیٹرولیم ڈویژن نے دونوں تجاویز مسترد کردیں۔یکم جنوری 2021 سے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے ایل پی جی کی قیمت میں 15.88 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا۔اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈرکی قیمت میں 187.47 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈرکی قیمت 1740.69 روپے ہو گئی ہے۔ اوگرا کی جانب سے کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 692روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔