زیارت ( آن لائن ) بولان سے تیل کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے زیارت میں بلاک بولان سے تیل کا نیا ذخیرہ دریافت کرلیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے جاری اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے زیارت میں بلاک بولان سے تیل کا
نیا ذخیرہ دریافت کرلیا ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق ذخیرے سے یومیہ 800 بیرل تیل نکلنے کی امید کی جا رہی ہے۔کمپنی نے کنویں سے نکلنے والے خام تیل کی فروخت کے لیے اٹک ریفائنری سے معاہدہ بھی طے کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کے اس نئے ذخیرے کی دریافت سے طلب کو پورا کرنے میں کچھ مدد ملے گی اور خام تیل کی درآمدات میں کمی سے ملکی درآمدی بل میں بھی کمی کا امکان ہے۔خیال رہے کہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی زیارت بولان بلاک ون سے پہلی دریافت ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے خیرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے۔