تہران (این این آئی)ایران پر اقتصادی دبائو ڈالنے کی پالیسی کے تحت امریکا نے ایران کی مزید آٹھ کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جن کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں زیادہ تر لوہے اور دھاتوں کی تیاری میں کام کرتی ہیں۔وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی چار بڑی کمپنیوں کو
بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں لوہے، اسٹیل اور المونیم اشیا کی تیار کرتی ہیں۔ان میں ایران کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی بھی شامل ہے۔امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی رجیم منافع بخش ادارں سے حاصل ہونے والی آمدن کو خطے اور پوری دنیا میں عدم استحکام پھیلانے اور اپنے وفاداروں کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کررہا ہے۔ اس میدان میں ایران میں دھات سازی کے لیے کام کرنے والی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔