اسلام آباد ( آن لائن )وفاقی کابینہ کے فیصلے پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی ( اوگرا ) جاگ گئی اور پٹرولیم مصنوعات کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون شروع کردیا ، صوبوں میں اوگرا کے نمائندوں کے ساتھ سول ڈیفنس کے افسران نے پٹرول پمپس اور آئل ڈپو کادورہ کیا جہاں پر پٹرول کی دستیابی اور قلت کی وجوہات کا جائزہ لیاگیا ۔
ڈی جی آئل کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے کراچی کے ماڑی ٹرمینلز کا دورہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق یہ انکشاف ہوا کہ ہیسکول ، گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہے جس پر خصوصی کمیٹی نے دونوں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سی اوز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی جبکہ ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے ثبوت بھی وزارت پٹرولیم کو فراہم کردیئے گئے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر توانائی عمر ایوب کو کابینہ اجلاس کے دوران ہدایت کی تھی کہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران نہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے بلکہ جو عناصر مصنوعی بحران پیدا کرنے میں ملوث ہیں ان کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے جس پر بدھ کو اوگرا اور متعلقہ اداروں کے حکام حرکت میں آئے اور پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ( صدیق ساجد )