واشنگٹن(این این آئی)کورونا وائرس کی وجہ سے مانگ میں کمی اور اسٹوریج بڑھنے کی وجہ سے امریکی خام تیل کی قیمت 15 ڈالر فی بیرل تک آگئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹ آئی)، امریکی بینچ مارک دن کے آغاز پر ایشیائی مارکیٹ میں 19 فیصد تک کم ہوکر 14.73 ڈالر فی بیرل پر آگیا تھا جس کے بعد مارکیٹ واپس بہتری کی طرف گئی
اور قیمت 15.78ڈالر فی بیرل پہنچ گیا۔انٹرنیشنل بینچ مارک برینٹ میں 4.1 فیصد تک کمی آئی جس کے بعد قیمت 26.93ڈالر فی بیرل ہوگئی تھی تاہم اس میں دوبارہ استحکام آیا اور قیمت 28.11 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔تیل کی قیمتوں میں حالیہ ہفتوں میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد لاک ڈان اور سفری پابندیوں کی وجہ سے کمی آئی ہے۔گزشتہ ماہ عالمی تیل پیداواری گروہ(اوپیک)کے اہم رکن سعودی عرب کی جانب سے نان اوپیک رکن روس کے خلاف قیمت پر جنگ کے آغاز پر تیل کی قیمت تیزی سے نیچے گری تھی۔تاہم رواں ماہ کے آغاز میں ریاض اور ماسکو نے تیل کی پیداوار ایک کروڑ بیرل فی یوم تک کم کرنے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اس تنازع کو ختم کیا تھا۔تاہم قیمتیں مسلسل کم ہورہی ہیں جس کے بارے میں تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پیداوار میں یہ کمی وائرس کی وجہ سے مانگ میں بڑے پیمانے پر کمی کے حوالے سے کافی نہیں ہے۔امریکی اینرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے دنیا کی سب سے بڑی معیشت میں خام تیل کی اسٹوریج بڑھ کر ایک کروڑ 92 لاکھ 50 ہزار بیرلز ہوگئی تھی۔