کراچی (این این آئی) ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تقریبا تین سال کی بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 37 ہزار 983 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکس چینج میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی، کرونا وائرس سے متعلق خبروں کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص فروخت کر کے منافع کمانے کو ترجیح دی، 5 روز میں مارکیٹ 2 ہزار 265 پوائنٹس کی کمی کے بعد 100 انڈیکس 37 ہزار 983 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔مقامی سرمایہ کاروں کی طرح
بیرونی سرمایہ کار بھی حصص فروخت کرتے نظر آئے، نیشنل کلیئرنگ کمپنی کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے، فروری میں بیرونی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 5 کروڑ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے جو 15 ماہ میں سب سے زیادہ حصص کی فروخت کا ریکارڈ ہے۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں ہونے والے مندی کے باعث ایک ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کے 436 ارب روپے ڈوب گئے۔