اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے دوران ملک میں پنکھوں میں 1910 کی ٹیکنالوجی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ،منگل کے روز سینٹر فدا محمد کی زیرصدارت سینٹ قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا ۔کمیٹی میں واپڈا ملازمین اور افسران کو دی جانیوالی مفت بجلی پر بریفنگ دی گئی ۔سینٹر نعمان وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 10کروڑ پنکھے استعمال ہوتے ہیں۔
جن پر 7 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال ہوتی ہے ۔اراکین کمیٹی نے بتایا کہ پاکستان میں استعمال ہونیوالے پنکھے 130 واٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں ،دنیا میں 25 سے 30 واٹ والے پنکھے استعمال ہورہے ہیں ،پاکستان ڈیم بنانے کی بجائے پنکھوں کی ٹیکنالوجی آپ گریڈ کرلے تو 5 سے 6 ہزار میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی ،نئے ڈیم پر جتنا خرچہ آنا ہے گوجرانوالہ میں بنانے والی کمپنی کو سبسڈی دی جائے۔