کراچی(این این آئی)مسلم لیگ(ن) کے دور میںشروع کی گئی وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت ساڑھے پانچ سال میں 26 ارب 76 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے، اسٹیٹ بینک کے مطابق نوجوانوں کو قرضے دینے کا سلسلہ مالی سال 2019 میں بھی جاری رہا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں وزیراعظم نواز شریف نے نومبر 2013 میں یوتھ بزنس لون اسکیم شروع کی تھی، جس کے تحت نوجوانوں کو 6 فیصد کی رعایتی شرح سود پر کاروبار کے لیے ایک سے 20 لاکھ روپے تک کے قرضے دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2019 کے دوران اسکیم کے تحت قرض
لینے کے لیے مزید 2 ہزار 471 درخواستیں آئیں جبکہ بینکوں کی طرف سے ایک ہزار551 نوجوانوں کو مجموعی طور پر ایک ارب 63 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق جون 2019 تک اس اسکیم کے تحت قرض کے لیے ایک لاکھ 1 ہزار 938 درخواستیں دی گئیں، ان میں 12 فیصد درخواستیں خواتین کی طرف سے دی گئیں، بینکوں کی طرف سے مجموعی طور پر 33 ہزار 145 درخواستوں پر 32 ارب 94 کروڑ روپے قرض کی منظوری دی گئی تاہم جون 2019 تک مجموعی طور پر 26 ہزار 679 نوجوانوں کو مجموعی طور پر 26 ارب 76 کروڑ روپے کے قرض جاری کیے گئے۔