اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور جرمنی کے درمیان گزشتہ مالی سال کے دوران دو طرفہ تجارت کا جھکائو پاکستان کی طرف زیادہ رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے 11 مہینوں میں جرمنی سے درآمدات پر پاکستان نے 989.67 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا جبکہ اس عرصہ میں پاکستان سے جرمنی کو برآمدات کا حجم 1208.62 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔مالی سال 2017-18ء کے اسی عرصہ میں
جرمنی سے درآمدات پر پاکستان نے 997.34 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا تھا جبکہ جرمنی کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1258.036 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد وشمار کے مطابق مئی 2019ء میں جرمنی کا درآمدی بل 86.062 ملین ڈالر جبکہ برآمدی بل 127.47 ملین ڈالر رہا۔ مالی سال 2017-18ء کے مئی میں درآمدی بل 98.39 جبکہ برآمدی بل 125.21 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ایک سال کے عرصہ میں تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا ہے۔