تہران(این این آئی)ایران کے وزیرتیل بی جان نامدارنے کہاہے کہ ایران کا تیل برآمد کرنے ممالک کی تنظیم ( اوپیک )کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ایران امریکا کی پابندیوں سے بچنے کے لیے غیر روایتی ذرائع سے تیل فروخت کررہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف ایران کے وزیر تیل بی جان نامدار زنگانہ نے ایک انٹرویو میں کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ہم غیر سرکاری یا غیر روایتی انداز میں تیل فروخت کررہے ہیں اور یہ تمام خفیہ عمل ہے کیونکہ اگر ہم اسے عام کرتے ہیں تو پھر اس کو امریکا فوری طور پر روک دے گا۔انھوں نے
ایران کی تیل کی برآمدات کے اعداد وشمار فراہم کرنے سے انکار کردیا ۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران پر عاید کردہ پابندیاں ختم نہیں کی جاتی ہیں،اس وقت تک وہ تیل کی برآمدات کے اعداد وشمار جاری نہیں کریں گے۔ایرانی وزیر تیل کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے خلاف سخت پابندیاں عاید کرکے اس کی معیشت کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے اور اس طرح وہ برائی کی بلوغت کو پہنچ گیا ہے۔انھوں نے اعتراف کیا کہ تایخ میں ایران کے خلاف اب سب سے کڑی اور منظم پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایران کا تیل برآمد کرنے ممالک کی تنظیم ( اوپیک )کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔