لاہور( این این آئی )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑ ھا کر دونوں ممالک غربت میں کمی لا سکتے ہیں، پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے وزیراعظم عمران کے حالیہ دورہ ایران کو
کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے مستقبل میں دورس نتائج بر آمد ہوں گے۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ وسیع پیمانے پر تجارت کر سکتا ہے ، تجارتی حجم میں اضافے کیلئے ایران کیساتھ مقامی کر نسی میں تجارت کا معاہدہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشی جمود نے پا کستان کو مفلوج بنا کر رکھ دیا ہے،کمزور گورننس اور ڈوبتی معیشت کیساتھ ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی نئی معاشی ٹیم بروقت اور درست فیصلے کرے گی۔