اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں میں 32 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی جس کا اطلاق کے الیکٹرک اور 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہوگا۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق
نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا فیصلہ نومبر کے مہینے کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ بجلی کے نرخ میں 32 پیسے فی یونٹ کی کمی سے صارفین کو دو ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ نیپرا کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں جنوری کے بل میں یہ ریلیف صارفین کو منتقل کریں گی، مگر 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر اطلاق نہیں ہوگا جبکہ کے الیکٹرک کے علاوہ تمام کمپنیوں کے صارفین کو 32 پیسے فی یونٹ رعایت دی جائے گی۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق لائف لائن اور زرعی صارفین کو بھی ریلیف نہیں دیا جائے گا۔ قبل ازیں نیپرا نے 27 دسمبر کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 31 پیسے کمی کی منظوری دی تھی، بجلی کے نرخوں میں کمی سے صارفین کو 2 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ یاد رہے ایک ماہ قبل بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست ترسیلی کمپنیوں کی جانب سے دی گئی تھی جس سے صارفین پر 3 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا تھا۔