کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں فی اونس ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتیں ایک بار پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے کے بعد 1272 فی اونس تک پہنچی۔
جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ قیمت میں 200 اضافہ جبکہ دس گرام کے بھاؤ میں 171 روپے اضافہ ہوا۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کے روز مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت 67200 روپے فی تولہ جبکہ 57ہزار 613 روپے دس گرام کے ساتھ ہوئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 1000 اور 858 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمتیں 67 ہزار اور 57 ہزار 742 روپے تک پہنچ گئیں تھیں۔ سونے کے تاجروں کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں فی تولہ سونےکی قیمتیں 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچی۔ آل سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی مقامی مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔ دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت 880 روپے جبکہ دس گرام چاندی کی قیمت 754 روپے 45 پیسے تک پہنچ گئی۔ کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر مستحکم رہی اور انٹربینک میں ڈالر 138 روپے 98 پیسے پر بند ہوا۔