اسلام آباد(اے این این )حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل ) موبائل فون ایپلیکیشنز کے ذریعے قرضہ فراہم کرنے والا ملک کاپہلابینک ہے۔ ایچ بی ایل کے گلوبل کنزیومر بینکنگ شعبہ کے سربراہ عامر قریشی نے کہا ہے کہ بینک صارفین کو قرضوں کے حصول کے لئے آن لائن سہولیات فراہم کررہا ہے جس میں کاغذ کا استعمال ختم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایپلی کیشن کے آغاز سے لے کر اب تک 30 سے کم دنوں کے دوران بینک نے اپنے ایک ہزار سے زائد صارفین کو قرضے فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قرضہ
کے حصول کاکام اب دنوں کی بجائے چند منٹوں میں مکمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی طورپر یہ سہولت ملک کے منتخب شہروں میں تنخواہ دار طبقہ کے لئے ہے تاہم اس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس سہولت سے صارفین کو قرضہ کے حصول کے لئے کسی برانچ جانے اور درخواست دینے اور اس کی منظوری کاانتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اب یہ سارا کام موبائل فون کے ذریعے چند منٹس میں مکمل کر لیا جاتا ہے اور صارف اپنی مالی ضروریات کی تکمیل کرسکتا ہے۔