اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں منعقدہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں نے پہلی مرتبہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور کاسٹ ہونے والا ہر ووٹ قومی خزانے کو 15 ہزار روپے کا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ نظام کے تحت ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے عمل میں 9 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ووٹنگ سوفٹ ویئر پر سب سے زیادہ خرچہ ہوا جبکہ دیگر عمل میں اخراجات برائے نام تھے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے کہا کہ 7 ہزار 3 سو64 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے صرف 6 ہزار 2 سو33 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور ایک ووٹ کا خرچ 15 ہزار روپے تھا۔ یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات: مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 4،4 نشستوں پر کامیاب خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی جازت دی تھی اور واضح کیا تھا کہ کسی تنازع کی صورت میں ان ووٹوں کو گنتی میں شامل نہیں کیاجائے گا۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حتمی رزلٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان چوہدری ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے تمام ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسران کوبھیج دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ریٹرننگ افسران ان نتائج کو بھی اپنے حتمی نتائج میں شامل کریں گے’۔ گزشتہ ماہ آن لائن رجسٹریشن کے عمل کے دوران 6 لاکھ 32 ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں سے صرف 7 ہزار 4 سو19 نے آئی ووٹنگ کے لیے رجسٹر کرایا تھا اور ان میں سے صرف 6 ہزار 322 (83 اعشاریہ 56 فیصد) نے اپنا حق استعمال کیا۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹوں کے اعداد و شمار کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے 3 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹوں کا تناسب 100 فیصد تھا جہاں ان کی تعداد بہت کم تھی۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی-222 میں 23، پی پی-164 میں 20 اور بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی-35 میں میں صرف ایک ووٹ کاسٹ ہوا۔ اعداد وشمار کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی
کے حلقے این اے-243 میں سب سے زیادہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ پڑے جہاں رجسٹرڈ ایک ہزار 3سو 53 میں سے ایک ہزار ایک سو12 افراد نے آئی ووٹنگ کی سہولت استعمال کی۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے-131 لاہور میں مجموعی طور پر رجسٹرز ایک ہزار ایک سو26 ووٹرز میں سے 991 (88فیصد) نے ووٹ کاسٹ کیا، این اے-69 میں 6 سو98 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 5
سو 61 (80فیصد)،این اے-53 اسلام آباد میں 5سو67 ووٹرز رجسٹرڈ تھے جن میں سے 461 (81 فیصد)، این اے-124 لاہور میں رجسٹرڈ 510 میں سے 400 (78 فیصد) ووٹرز نے اپنا حق استعمال کیا۔ قومی اسمبلی کے حلقے این اے-35 بنوں میں 321 سمندر پار پاکستانی ووٹ رجسٹرڈ تھے جن میں سے 265 (83 فیصد) نے ووٹ ڈالا، این اے-63 راولپنڈی میں رجسٹرڈ 321 میں سے 265 (83 فیصد)، این اے-65 چکوال میں رجسٹرڈ 312 میں سے 257
(82 فیصد) اور این اے-56 اٹک میں 230 ووٹر رجسٹر تھے جن میں سے 202 (88فیصد) سمندر پارپاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔ سمندر پارپاکستانی ووٹرز کے اعداد وشمار کے مطابق صوبائی اسمبلیوں میں پی پی-27 میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ 253 میں سے 227 نے اپنے حق کا استعمال کیا اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے-44 میں 185 میں سے 148 (81 فیصد) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا ووٹ ووٹ ڈالا۔