کراچی (این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب 31 اگست کے بجائے 30 ستمبر تک ٹیکس ریٹرن جمع کرائے جا سکیں گے۔اس سے قبل مختلف حلقوں کی طرف سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے صرف 11 روز دیے گئے تھے۔
اور اس میں کئی روز عید کی تعطیلات کی نذر ہو گئے۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 اکتوبر اور مختلف کاروباری اداروں کے لیے 16 نومبر کی جائے تاہم ایف بی آر نے یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا اور دونوں ہی طبقوں کے لیے 30 ستمبر تک توسیع کی ہے۔ماضی میں بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جاتی رہی ہے، اعداد وشمار کے مطابق اس توسیع کی وجہ سے فائلرز کی تعداد میں ہمیشہ اضافہ ہوا ہے۔