لاہور ( این این آئی) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے وزارت تجارتی کی جانب سے برآمدات میں اضافہ کیلئے15ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ کیلئے515اشیاء پر کسٹمز ڈیوٹیز میں 8فیصد تک کمی کی تجاویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے ٹیکس چھوٹ سمیت مثبت اقدامات کیے جائیں کیونکہ برآمدات میں اضافہ سے ہی تجارتی خسارہ میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ سے ہی تجارتی خسارہ میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگی برآمدات میں اضافہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہے جس سے اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی او ر نتیجتاً برآمدات میں کمی ہورہی ہے اس لیے حکومت نئی تجارتی پالیسی میں صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔