کراچی (این این آئی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے واضح طور پر 10,000 روپے کا بینک نوٹ جاری ہونے کے بارے میں سوشل میڈیا کے ایک حلقے میں گردش کرنے والی خبر کی تردید کی ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق موجودہ مالیت کے بینک نوٹ اطمینان بخش طریقے سے ادائیگی، چکتائی سمیت معیشت کی دیگر منسلک ضروریات کو پورا کر رہے ہیں، لہٰذا بلند مالیتوں کے بینک نوٹ جاری کرنے کی
کوئی ضرورت نہیں ہے۔عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور بینک نوٹوں کے بارے میں کسی بھی خبر کے مصدقہ ہونے کے متعلق اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا اکاوئنٹس پر چیک کر لیں۔ اسٹیٹ بینک باقاعدگی سے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کے پیجز کو اپڈیٹ کرتا ہے اور اسٹیٹ بینک سے منسلک کسی بھی خبر کی توثیق ان ذرائع سے کی جا سکتی ہے۔