بینکاک(اے این این)تھائی ایئرویز نے موٹے افراد کے بزنس کلاس میں سفر کرنے پر پابندی لگادی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈریم لائنرز فلائٹوں میں اب کوئی بھی مسافر جس کی کمر موٹی ہو یا جسامت دیو ہیکل ہو وہ اکانومی کلاس میں سفر کر سکتا ہے لیکن بزنس کلاس میں سفر نہیں کر سکتا۔ایئر لائنز نے حال ہی میں اپنی نئی بوئنگ 787-9 ڈریم لائنرز میں موٹے افراد کے بزنس کلاس میں بیٹھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
موٹے اب تھائی ایئرویز کی بزنس کلاس میں نہیں بیٹھیں گے کیوں کہ تھائی ایئرویز کے مطابق بزنس کلاس کی سیٹوں میں لگی سیٹ بیلٹس ان کے لیے غیر موزوں ہیں۔یہ پابندی ان حضرات پر ہے جن کی کمر56انچز 142سینٹی میٹرسے زائد ہے۔ اپنے بچوں کو گود میں بیٹھا کر سفر کرنے کے خواہشمند والدین بھی اب تھائی ایئر ویز کے نئے ڈریم لائنر جہاز میں سفر نہیں کرسکیں گے کیوں کہ نئے قوانین انہیں بھی سفر کرنے سے روک رہے ہیں۔تھائی آئینی تحفظ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سری سووان جانیہ نے ایئر لائن کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے یہ پالیسی واپس نہیں لی تو وہ انہیں عدالت میں لے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ پہلی بار موٹے مسافروں پر پابندی نہیں لگائی گئی بلکہ تھائی ایئر ویز سے پہلے فن ایئر بھی ایسی پابندیاں لگا چکی ہے۔2013میں سامو وا ایئر لائن نے پہلی دفعہ موٹے افراد پہ پابندی لگائی تھی۔