کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں روپے کی قدر میں 3 فیصد کمی کے باعث بدھ کے روز بھی مثبت رجحان رہا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 0.76 فیصد اضافے سے 44 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ مثبت رجحان کے باعث 100 انڈیکس میں مزید 336 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد وہ 44 ہزار 646 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 44 ہزار 841 پوائنٹس رہی۔ ہنڈریڈ انڈیکس میں 8 کروڑ 26 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 5 ارب 96 کروڑ روپے رہی۔ روپے کی قدر میں کمی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا باعث بن گئی آل شیئر انڈیکس میں 20 کروڑ 71 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 9 ارب 11 کروڑ روپے رہی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 48 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کے شیئرز فروخت کیے جن میں غیر ملکی کارپوریشنز نمایاں رہیں۔