پشاور(این این آئی)پشاور کے میگا پراجیکٹ ریپیڈ بس ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلیوں کے خلاف متعلقہ کنسلٹنٹ کمپنی نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو خط ارسال کردیا۔اس سلسلے میں پراجیکٹ مینجمنٹ اینڈ کنسٹرکشن سپرویڑن کنسلٹنٹ (پی ایم سی ایس سی) کے انجینئر ‘ٹیگ میک رین’ کی جانب سے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ کے ڈیزائن میں بار بار
تبدیلوں کی وجہ سے اسے اپنے مقررہ مدت میں مکمل کرنا مشکل ہے لہٰذا بار بار تبدیلیوں سے گْریز کیا جائے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹھیکیدار کو منصوبے کا ایک واضح نقشہ دیا جائے کیونکہ خیالی نقشے پر منصوبے کو مکمل کرنا ممکن نہیں ہے۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بی آر ٹی منصوبے کو 20 اپریل تک مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس پر 60 ارب روپے کی لاگت آئے گی، اس منصوبے کے نقشہ میں متعدد مقامات پر تبدیلیاں کی گئی ہے۔