کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز بھی مندی کا رجحان رہا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 164 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ مارکیٹ میں منفی رجحان کے باعث انڈیکس 43 ہزار 441 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 43 ہزار 724 پوائنٹس اور کم ترین سطح 43 ہزار 416 پوائنٹس رہی۔ مجموعی طور پر 14 کروڑ 24 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 5 ارب 90 کروڑ روپے رہی۔
مارکیٹ میں کُل 354 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 102 کی قیمتوں میں اضافہ، 230 کے بھاؤ میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ پی ایس ایکس میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مندی کا رجحان ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور غیر یقینی سیاسی صورتحال کو مسلسل دوسرے روز مارکیٹ میں مندی کا ذمہ قرار ٹھہرایا گیا۔ مجموعی طور پر فوڈ اینڈ پرسنل کیئر کے شعبے میں ایک کروڑ 83 لاکھ شیئرز کا سب سے زیادہ کاروبار ہوا، جبکہ بینک اور سیمنٹ کے شعبے بھی نمایاں رہے۔