پیرس(این این آئی)پولیس نے دارالحکومت پیرس میں واقع مشہور ہوٹل رٹز میں مسلح افراد کی ڈکیٹی کے بعد چوری کیے گئے تمام ہیرے اور جواہرات برآمد کر لیے ۔رٹز ہوٹل میں زیوارات کی دوکان سے مسلح افراد نے لاکھوں ڈالر مالیت کے زیورات چوری کیے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک بیگ ملا ہے، جو پانچ افراد پر مشتمل گینگ میں شامل ایک شخص کے
ہاتھ سے بھاگتے ہوئے گر گیا تھا۔ اس بیگ میں 54 لاکھ ڈالر مالیت کے زیوارت موجود تھے۔پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی دو مفرور ہیں۔لگڑری فائیو سٹار رٹز ہوٹل پیرس کے تاریخی علاقے میں دریا کے کنارے واقع ہے اور وزارتِ انصاف کا دفتر بھی اس سے متصل ہے۔ہوٹل کے عقبی داخلی دروازے کے قریب خریداری کی جگہ مختص ہے جہاں پر پانچ دکانیں اور 95 شو کیسز ہیں جن میں جیولری،
گھڑیاں اور مہنگے ملبوسات فروخت کیے جاتے ہیں۔تحقیقات سے منسلک ایک شخص نے خبر رساں ادارے بتایا کہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ پولیس کو ملنے والے بیگ میں چوری کیے گئے تمام زیوارات موجود ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے کلہاڑیوں سے دوکان کی کھڑکی توڑی اور اندر داخل ہو گئے۔
مقامی اخبار پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چوروں کو ایک پولیس اہلکار نے روکا تاہم وہ سکوٹر پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ چوری کرنے کے بعد مسلح افراد بھاگ رہے تھے اور ایک راہ گیر سے ٹکرانے کے بعد زیوارت سے بھرا بیگ زمین پر گر گیا۔