ریاض(آن لائن)سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں شیئرز میں سرمایہ کاری کرنے کی مجاز کمپنیوں کے لیے شرائط میں مزید نرمی کرتے ہوئے ان کمپنیوں کو 49 فیصد حصص اپنی ملکیت میں رکھنے کی اجازت دی ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کی کیپٹیل مارکیٹ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے لئے وضع کردہ نیا فریم ورک 23 جنوری 2018 سے نافذ ہوگا۔
بیان میں کہا گیاہے کہ سرمایہ کاری کے لئے نئے قواعد وضوابط کا مقصد مملکت میں مالیاتی مارکیٹ کو مستحکم کرنا اور کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا دائرہ بڑھاتے ہوئے کیپٹیل مارکیٹ کو مزید توسیع دینا ہے۔نئے قواعد وضوابط ان غیرملکی کمپنیوں پر لاگو ہوں گے جو سعودی عرب میں حصص مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں دلچپسی رکھتی ہیں۔نئے ضابطہ سرمایہ کاری میں یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کسی غیرملکی سرمایہ یا سرمایہ کاروں کے گروپ چاہے وہ سعودی عرب کے اندر مقیم ہوں یا ملک سے باہر ہوں زیادہ سے زیادہ 49 فی صد شیئرز کے مالک ہوسکتے ہیں