کراچی(آئی این پی) یو بی ایل اور ماسٹر کارڈ نے پاکستان میں پہلی بار یو بی ایل پری پیڈ ماسٹر کارڈ متعارف کرادیا ہے ۔ کارڈ کے اجراء کی تقریب میں یوبی ایل کے گروپ ہیڈ برائے بینکنگ پراڈکٹس اور کارپوریٹ سروسز گروپ شرجیل شاہد،ماسٹر کارڈ کے کنٹری منیجر برائے پاکستان و افغانستان اورنگزیب خان اور یو بی ایل کے ہیڈ آف کنزیومر فنانس شہر یار سعید خان سمیت یو بی ایل اور ماسٹر کارڈ کے سینئر ایگزیکٹوز شریک ہوئے۔ یو بی ایل پری پیڈ ماسٹر کارڈ سے بینک کے
صارفین نقد رقم کے بغیر خریداری کرسکیں گے،پری پیڈ کارڈ کا حصول دستاویزات کی آسان توثیق کے طریقۂ کار سے یو بی ایل کی ملک بھر میں پھیلی 1375 سے زائد برانچز سے کیا جاسکتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےشرجیل شاہد نے کہا کہ یو بی ایل نے ملک میں پہلی بار بینک پری پیڈ کارڈ شروع کئے ہیں اور اس وقت ہم مارکیٹ میں سربراہ ہیں۔ہم اپنے صارفین کو مزید اختیارات سے لیس ماسٹر کارڈ کی اس نئی پیشکش پر بہت پُر جوش ہیں۔