کراچی (این این آئی) خسارے کا شکار پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن نے ملک کے مختلف شہروں میں فضائی میزبانوں کو دیدہ زیب بنانے کے تربیتی کورس کے نام پرلاکھوں روپے خرچ کردیے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اسلام آباد لاہور اور کراچی میں فضائی میزبانوں کو آرائش کے لیے نجی کمپنی کے آرٹسٹ سے تربیتی کورسز کرائے جس میں پندرہ لاکھ روپے بمعہ فائیو اسٹار ہوٹلوں میں رہائش و دیگر مراعات کی مد میں خرچ کردیے گئے۔پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن کی جانب سے تازہ چہروں والی فضائی میزبانوں کو مسافروں کو خوشگوار احساس دلانے کیلئے رقم خرچ کی ہے۔یاد رہے کہ پی آئی اے کی ٹریننگ سینٹر میں پہلے ہی فضائی میزبانوں کی گرومنگ اور ان کی تربیت کیلئے ایک شعبہ قائم ہے اور دوسری جانب پی آئی اے نے مالی بحران کے باعث فضائی میزبانوں کو چھ ماہ سے واجب الادا انٹر نیشنل فلائنگ الاؤنس کی مد میں لاکھوں ڈالر ادا کرنے ہیں۔