کراچی(این این آئی)پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ ایشیا کی نمبر ون ہو گئی ، سال کے پہلے نو ماہ کی کارکردگی سے بھارت، جاپان سمیت ایشیا کی تمام اسٹاک مارکیٹوں کو پیچھے چھوڑ دیاہے۔سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق سال 2016 کے پہلے 9 ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایس چینج کا بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس 23.19 فیصد بڑھا ، جبکہ ایشیا پیسفک ریجن کی مارکیٹوں میں انڈیکس میں اضافے کی اوسط شرح 10.82 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق سیاسی عدم استحکام کے باوجود پاکستان کی معاشی صورتحال نسبتا مستحکم ہے، جی ڈی پی کی شرح سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، آئی ایم ایف کے قرضے اور چین کی سرمایہ کاری کے باعث پاکستان بیرونی ادائیگیوں کے بحران سے بھی بچ گیا ، کارکردگی کے اعتبار سے ایشیا میں ویتنام کی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 18.91 فیصد اضافے سے دوسرے، اور اندونیشیا کا جکارتا کمپوزٹ انڈیکس 16.8 فیصد اضافے سے تیسرے نمبر پر رہا۔رپورٹ کے مطابق نو ماہ کے دوران سب سے بری کارکردگی چینی اسٹاک مارکیٹ کی رہی ، شنگائی کمپوزٹ انڈیکس 15.09 فیصد گر گیا ، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 13.57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔