کراچی(این این آئی)عوام پر ’’بجلی‘‘گرانے کی تیاریاں،بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کے دام میں ایک ماہ کے دوران فی ٹن 3 ہزار 700 روپے تک اضافہ ہوا، پاور کمپنیوں نے بجلی مہنگی کرنے کے لئے پر تولنے شروع کر دیئے۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سہارا ملنے کے بعد پاور پلانٹس میں استعمال ہونے والے فرنس آئل کے ریٹ میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ مقامی سطح پر تیار ہونے والے فرنس آئل کے دام 38 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 42 ہزار 200 روپے فی ٹن جبکہ درآمدی فرنس آئل کے ریٹ 1700 روپے اضافے سے 37 ہزار روپے فی ٹن تک پہنچ گئے ہیں۔ماہرین کے مطابق مئی میں فرنس آئل سے پیدا کی جانے والی بجلی کے یونٹ پر لاگت لگ بھگ 6 روپے آ رہی تھی، بجلی کی مجموعی پیداوار میں فرنس آئل سے حاصل ہونے والی بجلی کا تناسب اگر برقرار رہا تو عوام کے لئے یونٹ مہنگا ہو جانے کا خدشہ ہے۔