نیویارک (آئی این پی)عالمی مالیاتی ادارے بلوم برگ نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو ایشیا کی بہترین مارکیٹ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی استحکام ، چینی سرمایہ کاری اور اسٹاک ایکسچینج کی تیزی کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کی نظریں پاکستانی مارکیٹ کی طرف جم گئی ہیں۔عالمی مالیاتی ادارے بلوم برگ نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو ایشیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیتے ہوئے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پندرہ فیصد اضافہ اور سالانہ تیز رفتار ترقی سے پاکستانی اسٹاک ایکسچینج ایک بار پھر ایشیا کی ٹائیگر مارکیٹ بن گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستانی معاشی ترقی استحکام کے مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھ رہی جبکہ نجکاری پروگرام میں اصلاحات اور آئی ایم آیف سے بہتر تعلقات نے پاکستانی معیشت کو بھارت سے مقدم کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ایم ایس سی آئی کے ایمرجنگ انڈیکس میں شامل ہونے کے بعد بیرونی سرمایہ کاری میں زبردست اضافے کا امکان ہے جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری میں چین کی چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر بھی غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن دیکھ رہے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا میں شرح سود، چینی معیشت میں گراوٹ کے بعد عالمی سرمایہ کاروں کی نظر پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین متبادل تصور کررہی ہیں۔