لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بڑے پیمانے پر معدنی ذخائر کی تلاش کیلئے لیز کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے مجوزہ لیگل فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معدنی ذخائر کے لیز کے نظام کو ریگولیٹ کرنے کیلئے موثر لیگل فریم ورک انتہائی ضروری ہے۔ موثر لیگل فریم ورک سے جدید مائننگ کاکلچر فروغ پائے گا اور لیز کے نظام کو موثر بنانے سے اس شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ معدنی ذخائر سے استفادہ کیلئے متعلقہ اداروں کی استعدادکار بڑھانا ضروری ہے اور معدنیات کے شعبہ میں بہترین نتائج کے حصول کیلئے جمود کو توڑنا ہوگا۔ مائننگ سے متعلقہ اداروں کو نتائج دینا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ معدنیات کے ساتھ محکمہ ماحولیات کی تنظیم نو کی ضرورت ہے۔ معدنیات اور ماحولیات کے محکموں کو پیشہ ورانہ انداز سے چلانے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ معدنی ذخائر کی تلاش کیلئے لیز کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے موثر لیگل فریم ورک کیلئے جامع اور ٹھوس سفارشات مرتب کرکے جلد پیش کی جائیں۔ سیکرٹری معدنیات نے مجوزہ لیگل فریم ورک کے اہم خد و خال کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، چوہدری شیر علی، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز معدنیات، صنعت، قانون، ڈی جی ماحولیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں