لاہور(نیوز ڈیسک ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ناصر سعید نے گذشتہ روز ایکسپو سنٹر لاہور میں پاکستان کوٹنگ شو 2016ء کا افتتاح کردیا ،مقامی و غیرملکی وزٹرز کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ناصر سعید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلے اور نمائشیں کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں لہذا اس جانب خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نمائش کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے تاکہ نمائشیں منعقد کرنے کے رحجان میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نمائشوں اور میلوں سے نہ صرف غیرملکی خریدار راغب ہوتے ہیں بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی آمد کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔جرمنی اور چین کی مثال دیتے ہوئے لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ انہوں نے میلوں اورنمائشوں کے ذریعے ہی اپنی مصنوعات کی بھرپور مارکیٹنگ کی جس کی بدولت اُن کی بیرونی تجارت بہت مستحکم ہوچکی ہے۔ صرف جرمنی میں سالانہ ایک ہزار سے زائد تجارتی میلے اور نمائشیں منعقد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بہت اطمینان بخش ہے کہ اب پاکستان کا نجی شعبہ بھی اس جانب توجہ دے رہا ہے جس سے معیشت کو بہت فائدہ ہوگا۔ ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ تجارتی وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتا آیا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر اس سلسلے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نمائشیں بہتر مارکیٹنگ ٹول ہوتی ہیں جس سے مارکیٹ مزید وسیع ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ نہ صرف ملک میں نمائشوں کے انعقاد پر توجہ دے بلکہ عالمی سطح پر ہونے والے تجارتی میلوں و نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرے ۔