پشاور(نیوزڈیسک)پشاور ہائی کورٹ نے گیس لوڈشیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے سیکرٹری اور وزارت پیٹرولیم ،ایم ڈی سوئی نادرن گیس کو نوٹسز جاری کر دیئے۔پشاورہائی کورٹ میں گیس لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر رٹ کی سماعت جسٹس یحییٰ اور جسٹس روح الامین پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے کی ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا میں گیس لوڈ شیڈنگ آرٹیکل 158کی خلاف ورزی ہے،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا2010میں عدالت عالیہ نے صوبے میں گیس لوڈشےڈنگ نہ کرنے کے واضح احکامات جاری کئے تھے ،کیونکہ گیس ہمارے صوبے کی پیداوار ہے،آئین کے آرٹیکل158کے تحت صوبے کی پیدوار پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کاہے،گیس خیبرپختونخوا کی پیدوار ہے اوریہاں کی ضروریات پوری ہونے کے بعد دیگر صوبوں کوفراہم کرنا چاہیئے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد جی ایم ،ایم ڈی اور ایس این جی پی ایل سمیت سیکرٹری اور وزارت پیٹرولیم کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر طلب کر لیا۔فاضل عدالت نے لوڈشےڈنگ پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے لوڈشےڈنگ نہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔