لاہور(نیوزڈیسک)بھارت کو خاموشی سے ایک اورمعاشی فائدہ پہنچانے کا انکشاف،مخالفت میں بڑا اقدام ہوگیا،لاہور ہائیکورٹ نے بھارت سے درآمد ہونے والی جیولری کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے کےخلاف دائر درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے ابتدائی سماعت کےلئے منظور کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار شہری جنید سلیم نے فاضل عدالت میںموقف اپنایا کہ بھارت سے درآمد ہونے والی جیولری کوایف بی آر کی جانب سے ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے جبکہ اس کے برعکس بھارت نے پاکستان سے برآمد ہونے والی کسی بھی طرح کی مصنوعات کو ٹیکس میں چھوٹ نہیں دی گئی ۔ایف بی آر کا یہ اقدام پاکستان کی جیولری کی صنعت کو نقصان اور بھارتی تاجروں کو فائدہ پہنچانے کا باعث بن رہا ہے ۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ بھارتی جیولری پر ٹیکس عائد کرنے کا حکم صادر فرمایا جائے ۔فاضل عدالت نے درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی ۔