لاہور (نیوزڈیسک)بھارتی تاجروں کا سارک کے نام پر ڈیوٹی فری زیورات کی نمائش کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بھارتی تاجروں کو نوازنے کیلئے سارک کے نام پر انہیں ڈیوٹی فری نمائش کی اجازت دی ہے ۔ ایف بی آر کے اس اقدام سے قومی خزانہ کو تین سے چار ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ سارک کی آڑ میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، قانون کے مطابق بھارت کے ساتھ زیورات کی تجارت پر پابندی ہے ۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستانی تاجروں کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہی مگر پاکستانی حکومت بھارتی تاجروں کو ڈیوٹی فری راستہ فراہم کر رہی ہے ، حکومت کا یہ اقدام قوم دشمنی کا باعث ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت ، ایف بی آر اور ٹریڈ ڈویلپمٹ اتھارٹی کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ایف بی آر کو بھارتی تاجروں کو ڈیوٹی اور ٹیکس سے چھوٹ دینے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔